پاکستان کے بعد ایک اور ملک میں ایکس پر پابندی عائد

12:37 PM, 1 Sep, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کے بعد مزید ایک اور ملک نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ' ایکس' پر پابندی لگادی۔

تفصیلا ت کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ نے ایلون مسک کی جانب سے اپنے پیغام رسانی کے پلیٹ فارم کے لیے قانونی نمائندے نامزد نہ کرنے کے بعد ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو بند کرنے کا حکم دیا۔

برازیل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کو 22 ملین سے زائد صارفین استعمال کرتے ہیں۔

جب ایکس جعلی خبروں اور نفرت انگیز پیغامات پھیلانے کے الزام میں کچھ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے قانونی احکامات کی تعمیل کرنے میں ناکام رہا تو جج الیگزینڈر موریس اور ایلون مسک کے درمیان جھگڑا سامنے آیا۔

انٹرنیٹ سے متعلق برازیلی قوانین کے تحت، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے نمائندے کا ملک میں مقیم نمائندہ ہونا ضروری ہے۔

  برازیل کے ایک سیاسی رہنما نے کہا کہ 'ایک آدمی کے پاس بہت زیادہ پیسہ ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ (قانون) کی بے عزتی کر سکتا ہے'۔

رواں سال کے اوائل میں جج نے ایکس کو حکم دیا تھا کہ وہ کچھ اکاؤنٹس کو بلاک کرے جو نام نہاد ڈیجیٹل ملیشیا کی تحقیقات میں ملوث ہیں جن پر مسخ شدہ معلومات اور نفرت پھیلانے کا الزام ہے۔

تاہم ایلون مسک نے اس آرڈر کو سنسرشپ قرار دیتے ہوئے، برازیل میں پلیٹ فارم کے عملے کو برطرف کرکے اور اس کے کاموں کو بند کرکے جواب دیا تھا۔

جج نے جمعہ کے روز ایک الگ تقریب میں اپنے خیال کا اعادہ کیا کہ سوشل میڈیا کو 'نفرت انگیز تقریر' پر قابو پانے کے لیے ضابطے کی ضرورت ہے۔

ایکس پر اس جھگڑے کے درمیان برازیل کی سپریم کورٹ نے ایلون مسک کی اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ فرم کے مقامی بینک اکاؤنٹس کو بھی بلاک کر دیا۔

ایلون مسک نے ایکس پر کہا ہے کہ اسٹار لنک، جو دور دراز  مقامات پر انٹرنیٹ کنیکشن فراہم کرتی ہے، برازیل کے لوگوں کی 'جب تک یہ معاملہ حل نہیں کیا جاتا' مفت میں خدمت جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں