(ویب ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے شائقین کرکٹ چیمپیئنز ون ڈے کپ میں پلے آف کے چار میچز کے سوا باقی تمام میچز فری دیکھ سکیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپیئنز ون ڈے کپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ پی سی بی کی جانب سے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں چیمپیئنز ایونٹس کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ پہلا چیمپیئنز ون ڈے کپ 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ آخری 4 میچز کے سوا تمام میچ فری دیکھ سکیں گے، فیصل آباد کے شہری کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتے ہیں اور عرصہ دراز کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹ میں ان ایکشن ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، اس سے ناصرف ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ بھی مضبوط ہو گی۔