ہم جماعت کو سزا سنانے والی خاتون جج کی ویڈیو دوبارہ کیوں وائرل؟

11:36 PM, 1 Sep, 2024

ویب ڈیسک: امریکی ریاست فلوریڈا میں چوری کے ایک مجرم کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوگئی جس میں وہ کمرہ عدالت میں اپنے اسکول کے زمانے کی ہم جماعت کو بطور جج دیکھ کر رو پڑا تھا۔

آرتھر ناتھینیل بوتھ نامی اس چور کا نام 2015 میں اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب وہ عدالت میں جج مینڈی گلیزر کے سامنے بطور مجرم پیش ہوا تھا،عجیب اتفاق یہ ہوا کہ مینڈی گلیزر نامی یہ خاتون جج 'نوٹیلس مڈل اسکول' میں آرتھر کی ہم جماعت رہ چکی تھیں۔

اُس وقت آرتھر کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، مقدمے کی سماعت کے دورا، خاتون جج گلیزر نے آرتھر کو پہچان لیا تھا، جب آرتھر کو یہ بات پتا چلی تو وہ شدت جذبات سے مغلوب ہوکر کمرہ عدالت میں زاروقطار رونے لگا, آرتھر کو روتا ہوا دیکھ کر خاتون جج نے کہا تھا کہ 'مجھے تمہیں یہاں دیکھ کر افسوس ہوا'۔

خاتون جج نے کمرہ عدالت میں پرانے دن یاد کرتے ہوئے حاضرین کو آگاہ کیا تھا کہ 'میں اور آرتھر ایک ساتھ فٹ بال کھیلتے تھے، آرتھر اسکول میں سب سے اچھا اور لائق ترین بچہ تھا'۔

رواں برس آرتھر دوبارہ چوری کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا، یہ خبر سامنے آںے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے 2015 کی اس مشہور عدالتی کارروائی ویڈیو دوبارہ شیئر کرنا شروع کردی۔

 اتفاق سے اس بار کمرہ عدالت میں آرتھر کا سامنا دوبارہ اپنی ہم جماعت خاتون جج سے ہوا جس نے اسے دیکھ کر کیس سننے سے ہی انکار کردیا, خاتون جج کے بجائے آرتھر کا کیس کسی اور جج نے سنا جس نے صرف جرمانے کی سزا سنانے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اس کا ٹرائل شروع ہونے تک قید کی سزا سنادی۔

مزیدخبریں