”سپریم کورٹ کا فیصلہ ہر غیر آئینی اقدام کو روکے گا“

07:49 AM, 2 Apr, 2021

حسان عبداللہ

اسلام آباد(پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے ڈسکہ این اے 75 میں دوبارہ انتخاب کا الیکشن کمیشن کا حکم برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ پورے حلقے میں پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی امیدوارکی اپیل مسترد کرتے ہوئے کیس کے متعلق مختصر فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ نے 10 اپریل کو پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کی، انکا کہنا تھا کہ آج کا فیصلہ ڈسکہ کی عوام کا ترجمان ہے، پوری قوم کو اور مسلم لیگ ن کے ورکرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں،مسلم لیگ ن کی بہادر بیٹی نوشین افتخار کو مبارک باد پیش کرتی ہوں، پاکستان کی عوام اب جاگ چکی ہے، پاکستانی قوم نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو سمجھ چکی ہے، جس دن عوام نے ووٹ کی عزت شروع کر دی تو آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا جو لوگ آٹا، بجلی، دوائی اور چینی چور ہیں انکی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کا تاریخی فیصلہ دیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کے ووٹ اور مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو پیغام ہے، جو لوگ کہہ رہے تھے مسلم لیگ ن پر جمعہ بھاری ہوتا ہے وہ اب سمجھ جائیں یہ ہر دن ووٹ چوروں کیلئے بھاری ہے، پنجاب حکومت جس نے الیکشن کے عملے کو چوری کیا اس کو منظر عام پر لایا جائے، عمران خان اور عثمان بزدار نے جن لوگوں کو ووٹ چوری کیلئے لگایا ان کو بوری بستر باندھنا چاہئے، وزیر اعظم عمران خان اور عثمان بزدار کو استفعی دے دینا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا آئی جی پنجاب اور ڈسکہ کے پولیس افسران بھی مستعفی ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہر غیر آئینی اقدام کو روکے گا،پاکستان کے عوام جو سزا بھگت رہے وہ 2018 میں ووٹ چوری کی وجہ سے ہے، اگر عوام کے ووٹ کا خیال رکھا جاتا تو کشمیر کی سودے بازی نہ ہوتی،عوام کے لیڈر آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکتے، مسلم لیگ ن دوبارہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے کہا ہماری لیڈر شپ نے سکھایا کہ ووٹ پر پہرا دو، پاکستان میں آنے والے الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں کرسکے گا، لوگوں کو تنگ کیا گیا، ہراساں کیا گیا، میراپیغام ہے اب یہ نہ سوچا جائے، ڈسکہ کے لیے لڑ رہی تھی اور آگے بھی لڑوں گی۔

رہنماء پی ٹی آئی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جیت ہوئی ئے۔ ہم مسلم لیگ ن کی طرح اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائیں گیے، جوڈیشنل کمیشن کا فیصلہ آپ کے سامنے ہے۔ ہم کنٹینر لے کر جی ٹی روڈ پر نہیں نکل آتے مجھے کیون نکالا؟ این اے 75 میں پورا میدان لگائیں گے، مسلم لیگ ن کی منجی ٹھوک کر دکھائیں گے۔

مزیدخبریں