لاہور میں شاپنگ کے لیے نئے ایس او پیز جاری

05:07 PM, 2 Apr, 2021

شازیہ بشیر

لاہور (پبلک نیوز) ایک گھر ایک فرد، لاہور ڈویژن میں شاپنگ کے لیے نئے ایس او پیز جاری، گروسری، جنرل اور میڈیکل سٹورز سمیت تمام جگہوں پر ایک گھر سے ایک فرد ہی جاسکے گا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کمشنر لاہور نے ایس او پیز جاری کر دیئے۔

کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایک گھر ایک فرد کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ ایک سے زائد افراد کی موجودگی کی صورت میں قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ضروری شاپنگ کے لیے ایک فرد کے جانے سے رش کم ہو گا۔ رش کم ہو گا تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ بھی روکا جا سکے گا۔

کورونا وائرس سے بڑھتی اموات اور تدفین سے وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔ کمشنر لاہور نے محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ کمشنر لاہور نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کرونا تدفین ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ تدفین کے وقت ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے سے وائرس کے پھیلاو کا خدشہ ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز تمام ہسپتالوں سے اموات کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لیں۔ تدفین کے وقت تمام متعلقہ ادارے موجود اور ایس او پیز پر عمل درآمد کروایں۔

کمشنر لاہور کے مطابق کورونا وائرس کے ابتدائی دنوں میں تدفین ایبولا وائرس کے ایس او پیز کے تحت ہوتی تھی۔ محکمہ صحت نے ایس او پیز میں چند تبدیلیاں کیں اور غسل کی اجازت دی۔ ایس او پیز میں چند تبدیلیاں ہوئیں۔ تاہم ان پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

مزیدخبریں