چودھری پرویز الٰہی کے لیے بڑی خوشخبری

04:21 AM, 2 Apr, 2022

احمد علی
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو بڑی خوشخبری مل گئی۔ چھینہ گروپ نے وزیراعلیٰ کے لئے حمایت کا اعلان کر دیا۔ تفصیل کے مطابق حکومتی اتحاد کی جانب سے وزیراعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی سے چھینہ گروپ کی ملاقات ہوئی جس میں 14 اراکین پنجاب اسمبلی شریک تھے۔ اس اہم ملاقات میں چھینہ گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی میں غضنفر عباس چھینہ، عامر عنایت شاہانی، علی رضا خان خاکوانی، اعجاز سلطان بندیشہ، محمد احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ داؤد سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، کرنل غضنفر عباس شاہ، تیمور علی لالی، سردار شہاب الدین سیہڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان اور غلام علی اصغر خان لہری بھی شریک تھے۔ خیال رہے کہ چودھری پرویز الٰہی نے گذشتہ روز خود چھینہ گروپ سے حمایت کیلئے ملاقات کی تھی۔ چھینہ گروپ نے حتمی فیصلے کے لئے چوبیس گھنٹے کا وقت مانگا تھا۔ بعد ازاں‌ چھینہ گروپ نے ملاقات میں چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ خیال رہے کہ پنجاب کا سیاسی معرکہ سر کرنے کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بھی پی ٹی آئی کے مختلف گروپس سے ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے چھینہ گروپ کے سربراہ سے رابطہ کیا تھا۔ لیگی رہنماؤں اور غضنفر عباس چھینہ کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت مانگی تھی۔ غضنفر عباس چھینہ نے گروپ کے ساتھ مشاورت کے لیے وقت مانگا تھا۔
مزیدخبریں