'ترین گروپ کا حمزہ شہباز شریف کا ساتھ دینے کا اعلان'
04:43 AM, 2 Apr, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے حمزہ شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ ن لیگ کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ ترین گروپ نے وزیراعلیٰ کے لئے حمزہ شہباز کی حمایت کرنے کی مکمل یقین دہانی کرا دی ہے۔ https://twitter.com/MIshaqDar50/status/1510023167485562889?s=20&t=vS8ZyUKcVHXh6bKOX5T32g اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ جہانگیر خان ترین کے ساتھ گفتگو کا آخری دور نتیجہ خیز رہا۔ ہم باہمی طور پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ترین گروپ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کی حمایت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سلسلے میں جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کے تعاون کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں۔ ادھر ن لیگ کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے بھی ساتھ دینے کے فیصلے پر جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ https://twitter.com/TararAttaullah/status/1510024505732784136?s=20&t=YIzhtwlEAnQ88w2I6khe4w عطاء اللہ تارڑ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ الحمدللہ میری ابھی ترین گروپ کے اہم رہنما عون چودھری سے گفتگو ہوئی۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ان کی جانب سے سپورٹ کے فیصلے پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔ تاہم جہانگیر ترین یا ان کے گروپ کی جانب سے اسحاق ڈار کے اس دعوے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ترین گروپ کے رہنما لالا طاہر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 16 اراکین ہیں جن کی گذشتہ روز حکومت اور اپوزیشن دونوں وفود سے ملاقات ہوئی تھی۔