استعفوں کا آپشن، وزیراعظم نے غور شروع کردیا

05:38 AM, 2 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے اراکین کے استعفے دینے کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر وزیراعظم عمران خان نے یہ سیاسی چال چل دی تو نئی آنے والی حکومت شدید بحران میں مبتلا ہو جائے گی۔ وہ اس بات پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ اسمبلیوں سے استعفے دے دیئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں اور ناراض اراکین کا ساتھ چھوڑنے کے بعد قومی اسمبلی میں حکمران جماعت کے ممبران کی تعداد محض 155 رہ گئی ہے جبکہ یہ خیال رہے کہ ایوان میں اس وقت اراکین کی کل تعداد 342 ہے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کی صورت میں تحریک انصاف کے تمام اراکین اپنے استعفے دے دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے اس سیاسی کارڈ کو کھیلنے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ اگر تحریک انصاف کے ممبران اور اتحادی جماعتوں کے اراکین استعفے دے دیں تو نئی حکومت کا چلنا انتہائی مشکل بن جائے گا۔ اتنی کم تعداد کے ساتھ ضمنی انتخابات کا انعقاد بھی مشکل ہو گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم یہی فارمولہ خیبر پختونخوا اور صوبہ پنجاب کی اسمبلیوں میں بھی دہرانے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ یہ سیاسی چال ان کے مستقبل کیلئے سودمند ثابت ہوگی۔ خیبر پختونخوا کے حالیہ لوکل باڈیز الیکشن کے رزلٹس نے ان کو حوصلہ دیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کو الیکشن کمپین کیلئے امریکی مخالف بیانیہ بھی مل گیا ہے۔
مزیدخبریں