’منظر سے غائب نہیں، استعفے کی خبر جعلی ہے‘

08:06 AM, 2 Aug, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(ویب ڈیسک)‌ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میں نے بجٹ تقریر میں ایک جملہ کہا تھا کہ اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے اسی طرح میرے استعفی کی خبر بھی جعلی ہے،منظر سے غائب نہیں ہوں.

ان کا کہنا تھا کہ اگر 2018 سے پہلے ہم اجتماعی مشاورت کے ساتھ حکمت عملی بناتے تو شاید 2018 کے الیکشن کے نتیجے میں میاں نواز شریف چوتھی دفعہ وزیراعظم بن جاتے، نوازشریف میرے قائد ہیں اور ہر بات میں ان سے مشاورت کرتا ہوں، ہمیں اب ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور اس وقت ملک کی 22 کروڑ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا میں قومی مفاہمت کی بات کرتا ہوں کہ جو ہوا اس سے سبق حاصل کریں، اپنی ذاتی انا کو مٹائیں اور دن رات محنت کر کے عوام کے غموں کو، دکھوں کو خوشیوں میں بدلیں اور غربت، مہنگائی کا خاتمہ کریں۔

شہباز شریف نے کہا عمران صاحب اور انکی حکومت نے ہر چیز کا فارنزک آڈٹ کروایا ہے جب یہ وفاقی حکومت میں نہیں آئے تو سی پیک میں سے انہوں نے کتنے کیڑے نکالے تھے اور کتنے غیرذمہ دارانہ بیانات اس ملک کے خلاف دیےجس نے جنگ،زلزلوں، طوفانوں، سیکورٹی کونسل، انٹرنیشنل فورم پر آپ کا ساتھ دیا۔انہوں نے مزید کہا ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے انصاف ہونا چاہیے اور سب کو نظر بھی آنا چاہئیے اگر کہیں کسی نے کرپشن کی ہے ، زیادتی کی ہے تو انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے ہونے چاہییں اور اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔میں تو دو مرتبہ گرفتار ہوا ہوں۔ نیب کا میں دو مرتبہ مہمان بن چکا ہوں۔ عمران خان کا بس چلے تو ابھی اسی وقت ہمارا انٹرویو ختم کر کے مجھے پھر جیل میں بھجوا دے۔

مزیدخبریں