وزیر اعلیٰ پنجاب اور سعودی سفیر کی ملاقات
03:55 PM, 2 Aug, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی (Mr. Nawaf Bin Saeed Ahmed Al-Malkiy) کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں - سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنادوسرا گھر سمجھتے ہیں۔دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے- سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ،برادرانہ، مذہبی اورتاریخی تعلقات ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے-سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے-سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے-پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کی انتہائی سازگار فضاء فراہم کی گئی ہے۔سعودی عرب کے سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں - حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی- انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروبار میں بے پناہ آسانیاں پیدا کی ہیں - کورونا کے باوجود حکومت کی بزنس فرینڈ پالیسیوں سے معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے -سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں -سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔