مسلم لیگ ن کے رہنما نذیر چوہان گرفتار
03:05 AM, 2 Aug, 2022
لاہور پولیس نے پی پی حلقہ 167 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کو گذشتہ روز ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔ نذیر چوہان کو پی ٹی آئی رہنما خالد گجر کے کیمپ پر حملہ کرنے کے کیس میں حراست میں لیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نذیر چوہان کو انتخابی ریلی میں فائرنگ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ نذیر چوہان کو سی آئی اے پولیس نے تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کے دوران نذیر چوہان کی جانب سے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی تھی، جس سے پی ٹی آئی رہنما شبیر گجر کا بھتیجا اور خالد گجر کا بیٹا زخمی ہو گیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ سابق ایم پی اے نذیر چوھان کو ان کے گھر سے دہشتگردوں کی طرح گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ نیازی نے اپنی اوقات دکھا دی، سیاسی انتقام شروع مگر ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔ https://twitter.com/KhSaad_Rafique/status/1554189179902431235?s=20&t=UFbhHj225T0HhshVXttOsw عطا اللہ تارڑ نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی اور اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ غلام محمود ڈوگر سی سی پی او اور افضال کوثر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور دونوں نے شاید پرچہ دیکھا نہیں ہے۔ اس میں پی ٹی آئی کے خالد گجر اور ان کے بھائی شبیر گجر ایم پی اے نامزد ہیں۔ کیا ان کی بھی گرفتاری ایسے ہی کی جائے گی؟ نذیر چوہان نے نہ کوئی حملہ کیا نہ پرتشدد احتجاج۔ نوٹ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سابق ایم پی اے نذیر چوھان کو ان کے گھر سے ایک دہشت گرد کی طرح گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت کوئی وارنٹ نہیں دکھایا گیا۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ پنجاب حکومت کی ایما پر لاہور پولیس کی بدمعاشی کا آغاز ہو چکا ہے۔ شرم نہ حیا۔