ہیلی کاپٹر لاپتہ: وزیراعظم کا آرمی چیف سے رابطہ، معلومات حاصل کیں
06:11 AM, 2 Aug, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے گذشتہ روز لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرسےمتعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیراعظم نے آرمی چیف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران کی سلامتی سے متعلق فکرمندی کااظہارکیا. دوران گفتگو آرمی چیف نےگذشتہ شب سےجاری تلاش کی کارروائیوں سےوزیراعظم کوآگاہ بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھےانسان ہیں، میں دعاگوہوں کہ ہیلی کاپٹرمیں سوارتمام لوگ محفوظ ہوں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مددکرنے والے فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں . بچوں، بھائی اور بہنوں کی خدمت کاعظیم جذبہ پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔ خیال رہے کہ پیر کی شام بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں لاپتہ ہوگیا تھا. آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں کمانڈر 12 کور سمیت 6 افسران سوار تھے۔ جبکہ لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے. ایم آئی 17 اور آگسٹا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے آپریشن میں شریک ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کمانڈر 12 کور سیلاب متاثرین کی امداد کے آپریشن کو سپروائز کررہے تھے۔ ہیلی کاپٹر شام 5 بج کر 10 منٹ پر اوتھل سے پروازکی تھی، اس کو شام 6 بج کر 5 منٹ پر فیصل بیس کراچی میں اترنا تھا تاہم وہ وہاں نہیں پہنچا اور اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔