جعلی بیان حلفی جمع کروانے پر عمران خان کی نا اہلی کیلئے درخواست دائر
02:52 PM, 2 Aug, 2022
اسلام آباد: چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے قانونی بنیادوں پر عمران خان کو نااہل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے جس میں ے قانونی بنیادوں پر عمران خان کو نااہل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو عہدے سے ہٹایا جائے۔چئیرمن امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ، جس کے مطابق وہ صادق و امین نہیں رہے ، لہذا نااہل کیا جائے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسی نوعیت کے مقدمے میں فیصل واوڈا ، سعدیہ عباسی اور ھارون اختر کو نااہل قرار دیا جا چکا ہے۔ عمران خان کو جھوٹا بیان حلفی جمع کروانے اور اکاؤنٹ چھپانے کے جرم میں نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان صادق اور امین نہیں رہے ، آئین کی دفعات 62 ،63 کی خلاف ورزی کی گئی ،اسی نوعیت کے کیس میں میاں نواز شریف کو نااہل اور پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا تھا ، عمران خان کو بھی نااہل قرار دیا جائے۔ خیا ل رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 سال بعد پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔فیصلے میںکہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی.ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے. فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کیوں نہ ان کے ممنوعہ فنڈز ضبط کیے جائیں، الیکشن کمیشن دفتر قانون کے مطابق باقی کارروائی بھی شروع کرے۔