محسن نقوی کا سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ ،سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

09:41 PM, 2 Aug, 2023

احمد علی
لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سمن آباد انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سمن آباد انڈرپاس سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی، ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ملتان روڈ کو ایک دن بھی ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا گیا۔ انڈرپاس کے ڈیزائن میں تبدیلی کرکے 78 قیمتی درختوں کو بچایا گیا اور گرین بیلٹ پر 300 نئے پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور چیلنجز کے باوجود انڈر پاس کی تکمیل پر ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے، انڈرپاس کی تکمیل سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، یتیم خانہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگ مستفید ہونگے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ پر2 ارب سے زائد لاگت آئی، انڈرپاس 440 میٹر طویل اور 2 لین پر مشتمل ہے۔ سمن آباد انڈر پاس کی تکمیل میں بڑا چیلنج قیمتی درختوں کو بچانا اور سیورج لائن کی منتقلی تھی۔ مسلسل فالو اپ کی وجہ سے کنٹریکٹ میں وضع کردہ ڈیڈ لائن 30ستمبر سے دو ماہ قبل اس منصوبے کو مکمل کر لیا گیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور،سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر اورڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
مزیدخبریں