پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈینیٹر وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت خارج

11:50 AM, 2 Aug, 2024

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کو آرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹروقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے درخواست پر سماعت کی۔

وکیل ہادی علی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ وقاص جنجوعہ کیخلاف مضحکہ خیز وقوعہ بنایاگیا ہے،وقاص جنجوعہ کو صبح 4بجے گھر کا دروازہ توڑ کر اغوا کیا گیا، ہائیکورٹ بازیابی کا حکم دیتی ہے تو اے ٹی سی سے وقاص کا ریمانڈ لے لیا جاتا ہے، مقدمے میں لکھا گیا کہ وقاص جنجوعہ پیدل چلتا ہوا آرہا تھا تو ناکہ پر ان کو روکا گیا۔ پراسیکیوشن نے پوری تفصیل نہیں بتائی کہ وقاص کہا ں سے آ رہا تھا، اکیلا تھا یا کوئی ساتھ تھا؟

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے میں لکھنا ضروری نہیں،ضمنی رپورٹ میں تفصیل بتائی جاتی ہے۔

وکیل ہادی علی نے کہاکہ مقدمے میں کسی کالعدم تنظیم کا ذکر نہیں،ریمانڈ دہشتگرد تنظیم سے تعلق کی بنیادپر لیاگیا۔وقاص جنجوعہ کے اغوا ہونے کی سی سی ٹی  وی فوٹیج انٹرنیشنل میڈیا پر بھی چلی، قانون کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ، بارود کا فرانزک ٹیسٹ کرانا ہوتا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ فرانزک رپورٹس آنے تک وقاص جنجوعہ کو جیل میں رہنے دیں،فرانزیک رپورٹ آنے تک وقاص جنجوعہ کو مشروط ضمانت دے دیتے ہیں،رپورٹس آنے کے بعد اگر وقاص جنجوعہ کا تعلق واضح ہو جاتا ہے تو دوبارہ گرفتار کر لیا جائے۔

وکیل ہادی علی نے کہاکہ ناکے پر وقاص جنجوعہ کی موجودگی ثابت کرنا ضروری ہے،جب تک ریکارڈ خاموش ہے وقاص جنجوعہ کا کسی بھی کالعدم تنظیم سے تعلق ثابت نہیں ہوتا۔

انسداددہشتگردی عدالت نے وقاص جنجوعہ کا ریکارڈ آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو  انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔

قبل ازیں اسلام آباد کی پیکا عدالت نے پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی ضمانت منظور کر کے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

 یاد رہے کہ 24 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کے ریمانڈ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے۔

مزیدخبریں