سوشل میڈیا پر محبت کی ایک اور دردناک کہانی لڑکی کی لاش پر ختم

03:52 PM, 2 Aug, 2024

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر محبت کی ایک اور کہانی کا دردناک انجام منظرعام پر آگیا۔ 18 سالہ لڑکی محبت کے جھانسے میں آکر زندگی کی بازی ہار گئی۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی سے 20 جولائی کو اغواء ہونے والی 18سالہ لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 18سالہ اقصیٰ کی لاش ملتان تھانہ سیتل ماڑی کی حدود سے 21 جولائی کو ملی تھی جس کی شناخت نہیں ہو رہی تھی۔ لاوارث ڈیڈ باڈی کی تصاویر سامنے آنے پر والدین نے اپنے بیٹی کو شناخت کیا ہے۔ 

اقصیٰ بی بی کے اغواء کا مقدمہ تھانہ سٹی پتوکی میں 20 جولائی کو ہی درج کیا گیا تھا۔ 18سالہ اقصیٰ پتوکی کے نواحی علاقہ تارا گڑھ کی رہائشی تھی جو والدہ کے ہمراہ دوائی لینے آئی اور اغوا ہوگئی تھی۔ 

پولیس حکام کے  مطابق مزید کارروائی کے لیے تھانہ سٹی پتوکی پولیس کی ٹیم ملتان روانہ ہوگئی ہے۔ اقصی بی بی کی لاش کو لاوارث سمجھ کر دفنا دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اقصی سوشل میڈیا پر لڑکے سے رابطہ میں تھی جس کے ساتھ وہ ملتان گئی تھی۔ 

ملتان پولیس نے اقصی کو لیجانے والے لڑکے کو حراست میں لے لیا ہے جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ قبرکشائی کے بعد ڈیڈ باڈی کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا جس میں تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔ 

مزیدخبریں