اعظم سواتی کیخلاف مقدمات کی تفصیل کیلئے دائردرخواست پرفیصلہ محفوظ
09:36 AM, 2 Dec, 2022
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف ملک بھرمیں مقدمات درج ہونے کے معاملے پرسماعت ہوئی ہے کہ جس پرچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ایک ہی واقعہ پرمتعدد کیسزدرج ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا گیا ہے، وہ تو آپ کے دائرہ اختیارمیں ہے ، آپ اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی اے کیسز کی تفصیل تو دے سکتے ہیں۔ چیف جسٹس کے ریماکس پرایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کوصوبائی حکومت کو ڈائریکشن دینے کا اختیارنہیں ہے اور ایف آئی اے سے متعلق معلومات ہم فراہم کرسکتے ہیں۔ اعظم سواتی کے وکیل بابراعوان نے کہا کہ مجھے ایف آئی آرز کا تو بتایا جائے تاکہ میں ضمانت کراسکوں، میرے تمام بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں، ایک موثرآرڈردے دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعظم سواتی کواسلام آباد سے کہیں اورمنتقل کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔