دبئی،پاکستانی اسکول کی طالبات نے سسٹین ایبلیٹی ایوارڈ جیت لیا
05:33 PM, 2 Dec, 2023
پاکستانی اسکول کی ہونہار طالبات نے متحدہ عرب امارات کا زاید سسٹین ایبلیٹی ایوارڈ جیت لیا۔ دبئی ایکسپو میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے زاید سسٹین ایبلیٹی ایوارڈ ہونہار پاکستانی طلبہ کو دیا۔ پاکستانی اسکول کورٹ ایجوکیشن کمپلیکس نے کم سے کم پانی سے باغ اُگانے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ کورٹ ایجوکیشن اسکول کی طلبہ سمعیہ اور کنزا نے ماحولیاتی منصوبہ پیش کیا، اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے کورٹ ایجوکیشن اسکول کی سمعیہ کو ایوارڈ دیا۔ کورٹ ایجوکیشن کمپلیکس مظفر آباد اور سوات میں قائم ہے جو آزاد کشمیر میں 2005ء میں آنے والے زلزلے میں یتیم ہونے والے بچوں کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لیے انمول پروجیکٹس پر زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ دیا جاتا ہے، زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ گلوبل ہائی اسکولز کے درمیان مقابلے سے نوجوان طلبہ کی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔ زاید سسٹین ایبلٹی ایوارڈ گزشتہ 15 سال سے جاری ہے، اب تک 47 عالمی ہائی اسکول یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ ایوارڈ سے 55 ہزار سے زیادہ طلبہ اور ان سے وابستہ 5 لاکھ افراد کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑا ہے۔ اس سال کے ایڈیشن کے11 ونرز کا انتخاب جیوری نے تمام امیدواروں کے مکمل جائزے کے بعد کیا۔ گلوبل ہائی اسکولز ایوارڈز کی کیٹیگریز میں پاکستان، امریکا، نائیجریا، مراکش، برطانیہ اور چین کے اسکولز نے یہ ایوارڈ جیتا ہے۔