ویب ڈیسک: مشہور بالی ووڈ اداکار چنکی پانڈے نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ کیا بالی ووڈ کے اداکار جنازوں میں شرکت اور رونے کے لیے پیسے وصول کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چنکی پانڈے نے یہ انکشاف مقبول کامیڈی پروگرام دی گریٹ انڈین کپل شو میں شرکت کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے دلچسپ واقعات اور مشکل حالات کا ذکر کیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بتایا، جب وہ اضافی آمدنی کے لیے مختلف تقریبات میں شرکت کرتے تھے۔ اسی دوران انہیں ایک جنازے میں شرکت کا موقع ملا۔
چنکی پانڈے نے واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن انہیں ایک تقریب کے منتظم کی کال موصول ہوئی، جس نے ان سے ان کے شیڈول کے بارے میں پوچھا۔
انہوں نے بتایا:”منتظم نے ایک تقریب میں شرکت کے لیے اچھی رقم کی پیشکش کی لیکن تقریب کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ صرف یہ کہا کہ سفید لباس میں آئیں۔”جب وہ مقررہ جگہ پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ ایک جنازہ تھا، جہاں متوفی کے سوگوار رشتہ دار داخلی راستے پر کھڑے تھے۔
پانڈے نے کہا:”مجھے لگا جیسے جس منتظم نے مجھے بلایا تھا، وہ خود انتقال کر گیا ہو لیکن پھر میں نے اسے ایک کونے میں کھڑے دیکھا۔ اس نے مجھے یقین دلایا کہ مجھے میری رقم ملے گی اور مزید پیشکش کی کہ اگر میں جنازے میں رونے کی اداکاری کروں تو مجھے اضافی رقم دی جائے گی۔”