دن میں 8 گلاس پانی پینا صحت کیلئے کتنا ضروری ہے؟

03:52 AM, 2 Feb, 2022

Rana Shahzad
لاہور: (ویب ڈیسک) ہم سب نے ہی یہ ضرور سنا ہو گا کہ جسم کو تروتازہ اور صحت مند رہنے کے لئے دن میں 8 گلاس پانی پینا ضروری ہے۔ بہت سے لوگ اس بات کو ہی مدِنظر رکھتے ہوئے دن میں آٹھ گلاس پانی پیتے ہیں۔ متعدد افراد کے لئے یہ ہدف پورا کرنا آسان نہیں ہوتا اور انہیں پیاس کی شدت محسوس نہ بھی ہو تب بھی وہ اس مقدار کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک بالغ انسان کا جسم تقریباً 60 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ انسان کا دماغ اور دل 73 فیصد جبکہ پھیپھڑے 83 فیصد پانی پر مشتمل ہیں۔ انسان کی جلد 64 فیصد جبکہ پٹھے اور گردے 79 فیصد پانی پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ انسان کی ہڈیوں میں بھی 31 فیصد پانی ہوتا ہے۔ مذکورہ اعدادوشمار سے تو اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ پانی جسم کے لئے کتنا اہم ہے اور صحتمند رہنے کے لئے پانی پینا کتنا ضروری ہے۔ آج کل کے نوجوان اپنی مصروفیات میں اس قدر مشغول ہوتے ہیں کہ انہیں پانی پینا یاد نہیں رہتا، یہی وجہ ہے کہ اس صحت سے متعلق مسائل جنم لیتے ہیں۔ ہم سب کو یہ بتایا جاتا ہے کہ دن میں 8 گلاس پانی پینے کے صحت پر حیرت انگیز نتائج سامنے آتے ہیں۔ آٹھ گلاس پانی تقریباً 1600 ملی لیٹر بنتا ہے اور ہم عام طور پر لوگوں کو 1500 سے 2000 ملی لیٹر پانی پینے کی تجویز دیتے ہیں۔ یہ انتہائی عام تجویز ہے کیوںکہ پانی کا استعمال ہر انسان کے وزن، اس کی جسمانی سرگرمی، موسمی حالات اور وہ دن بھر کیا کام کرتا ہے اس پر انحصار کرتا ہے کہ اسے دن میں کتنا پانی پینا چاہیے۔ 8 گلاس پانی پینے کی تجویز بہت ہی عام سی تجویز ہے، جو اس لئے دی جاتی ہے کہ لوگ اس سے کم پانی نہ پیئں۔ اکثر جب اداکاروں سے ان کی تروتازہ جلد کا راز پوچھا جاتا ہے تو ان کا یہی جواب ہوتا ہے 'ہائیڈریشن'۔ آخر ہمیں اپنے جسم کو ہائیڈریٹ یا تروتازہ رکھنا کیوں ضروری ہے؟ اس کے صحت پر کیا نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں؟ جسم کو ترو تازہ رکھنے سے ہمارے اعضا اچھے طریقے سے کام کرتے ہیں۔ جب ہم پانی پیتے ہیں تو اس سے ہمارے جسم کا درجہ حرارت برقرار رہتا ہے۔ جسم میں موجود فاضل مادوں کا اخراج ہوتا ہے جبکہ اس سے ہماری صحت بھی بہتر رہتی ہے۔ اگر کوئی 90 کلوگرام وزنی شخص گرمی میں اونچائی کی طرف 10 میل چڑھائی کرے تو اسے ایک اے سی والے کمرے میں بیٹھ کر دن گزارنے والے شخص سے زیادہ ہی پانی پینے کی ضرورت ہوگی۔ آپ کو دن میں کتنے پانی کی ضرورت ہے؟ یہ آپ کی صحت پر بھی منحصر ہے۔ جیسے اگر کوئی امراضِ قلب میں مبتلا ہے یا اگر کسی کے گردے میں پتھری ہے تو اس کے جسم کی پانی کی ضرورت بھی مختلف ہوگی۔ ہر چیز کو اعتدال میں رکھنا بہت ضروری ہے۔ ضرورت سے زیادہ کوئی بھی چیز درست نہیں ہوگی۔ ہمیں مقدار کا خیال کرنا بہت ضروری ہے، چاہے وہ پانی ہی کیوں نہ ہو۔ اگر آپ کی جلد بہت خشک ہو رہی ہے یا اگر آپ کے پیشاب کا رنگ بہت زرد ہے تو ہو سکتا ہے کہ آپ کے جسم میں پانی کی کمی ہو۔ اگر ہمارے جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے تو اکثر اس وجہ سے سر میں درد بھی رہتا ہے اور ہم چڑچڑے پن کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ نوجوان اور صحت مند افراد کو تروتازہ رہنے کے لئے اچھا یہی ہے کہ وہ اس وقت پانی کا استعمال کریں جب انہیں پیاس محسوس ہو۔ ایسے افراد جن کی عمر 70 برس سے زائد ہے انہیں پانی کی ضرورت پورا کرنے کے لیے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ اس عمر میں پیاس محسوس ہونے کی حس کمزور ہوتی ہے۔ صرف پانی ہی ہمارے جسم کو تروتازہ نہیں رکھتا بلکہ خوراک میں پانی کے ساتھ ساتھ پھل، سبزی، دودھ اور دیگر ایسی چیزیں بھی شامل کرنی چاہیں جو جسم کو تروتازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہمیں اپنے جسم کو ترو تازہ رکھنے کے لئے پورا دن پانی اور صحت مند مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے۔ پانی کی کمی کو پورا کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ کھانے سے قبل اور کھانے کے دوران پانی کا استعمال کریں۔ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا بھی بہترین ہوتا ہے جس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ جسم کو تروتازہ رکھنے کے لئے پھل اور سبزیوں کا استعمال بے حد مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
مزیدخبریں