اداکارہ سبیکا امام کو قتل کرنے اور تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں
04:21 AM, 2 Feb, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور ماڈل اور اداکارہ سبیکا امام کو قتل کرنے اور تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ سبیکا امام کو یہ دھکمیاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے ان افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اداکارہ نے ویڈیو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دھمکیوں کے سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے ان کیخلاف نامناسب زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے قتل کی دھمکیاں دینے والی خاتون کا سکرین شاٹ لے کر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور بتایا کہ ان کا انجام بھی قندیل بلوچ کی طرح ہوگا۔ ان کا بھی پاکستانی سماج سے خاتمہ لازمی ہے۔ اس واقے کے بعد کئی لوگوں نے سبیکا امام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وپ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ خیال رہے کہ سبیکا امام نے 2014ء میں بالی ووڈ کی فلم ’کوئین‘ سے انڈین اداکارہ کنگنا رناوٹ کے ساتھ فلم میں کام کیا تھا۔ انگلینڈ میں پیدا ہونے والی سبیکا امام نے بعد ازاں پاکستان میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے ویلکم ٹو لندن، جلیبی اور شیر دل جیسی فلموں میں ایکٹنگ کی جبکہ بعد ازاں ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کا شمار پاکستان کی ٹاپ ماڈلز میں بھی ہوتا ہے۔ وہ خواتین کے حقوق اور دیگر موضوعات پر کھل کر بات کرنے والی شخصیت مانی جاتی ہیں۔