ن لیگی سابق ایم پی اے رائے حیدر علی خان پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے
11:02 AM, 2 Feb, 2023
مسلم لیگ ن کے سابق رکنِ صوبائی اسمبلی رائے حیدر علی خان نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔ جڑانوالہ سے نون لیگ کے ٹکٹ پر منتخب رکنِ صوبائی اسمبلی رائے حیدر علی خان نے شریفوں سے ناطہ توڑ لیا ۔سابق رکنِ صوبائی اسمبلی رائے حیدر علی خان نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔ رائے حیدر علی خان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی،جس میں عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کی بھرپور تائید کا اعلان کیا گیا۔ خیال رہے کہ رائے حیدر علی خان پی پی 101 جڑانوالہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اس موقع پر رائے حیدر علی خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف فسطائیت کیخلاف جدوجہد کا استعارہ، قومی قیادت کی اہلیت و صلاحیت کا لوہا منوا چکے ہیں، عمران خان کے خوف میں نام نہاد اہلِ سیاست پوری قوت سے دستور و جمہوریت کو کچلنے میں لگے ہوئے ہیں۔ رائے حیدر علی خان نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو جواب ننگی جارحیت اور فسطائیت سے دیا جارہا ہے، عمران خان قوم کا انتخاب ہیں، نشانۂ انتقام بنا کر قوم کی توہین کی جارہی ہے، مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر چلتی معیشت کو ہفتوں، عشروں میں تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام بدترین مہنگائی کے بوجھ تلے بِلک رہے، بےرحم گروہ نے ان پر زندگی تنگ کردی ہے، حقیقی آزادی کے حصول کی جدوجہد میں عمران خان کے شانہ بشانہ لڑیں گے، ملک کو مزید تباہی کے گھاٹ اتارنے کی بجائے فوری عام انتخابات کے ذریعے عوام کو فیصلے کا حق دیا جائے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رائے حیدر علی خان کی ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔