شیخ رشید کے خلاف تھانہ مری میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا

04:14 PM, 2 Feb, 2023

احمد علی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کیخلاف مقدمہ کارسرکار مداخلت،سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں پولیس ملازم کی وردی پھاڑنے کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے تریٹ میں گھر پر چھاپہ مارا، شیخ رشید ملازمین سمیت باہر آئے جنھیں مقدمہ اور گرفتاری بارے آگاہ کیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے پولیس ملازمین سے مزاحمت کی،سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، شیخ رشید اور ملازمین نے پولیس اہلکار عثمان ظہور سے ہاتھا پائی کی،جسکی سرکاری یونیفارم پھٹ گئی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ شیخ رشید اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔پراسیکیوٹر کی جانب سے شیخ رشید کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ تاہم وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ جس کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔ عدالت کی جانب سے پراسیکیوٹر کی 8 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی تھی۔ واضح رہے کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے بیان پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
مزیدخبریں