اسلام آباد، راولپنڈی، زیارت اور جھنگ سمیت مختلف شہروں میں بارش
05:55 PM, 2 Jul, 2021
پبلک نیوز: زیارت شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار ہو گیا، جھنگ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں تیز آندھی آنے سے بجلی غائب ہو گئی۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی ابر رحمت برس پڑی. تفصیلات کے مطابق زیارت شہر اور آس پاس کے علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کا سلسلہ تاحال وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ جھنگ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے ساتھ موسم نے کروٹ بدل لی۔ حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے پر بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ کی اطلاعات ہیں۔ قائد اعظم ابو بکر نیو مندرہ جی ٹن بیلا روڈ بی بلاک ڈھوک کھبا سہالہ آرے بازار فیڈرز کو بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل کا سامنا ہے۔ دھمیال روات کلر سیداں سکھو جھنگی کشمیر روڈ کوٹ گلہ لہترار فیڈرز پر بھی بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق آپریشن سٹاف الرٹ موسم بہتر ہوتے ہیں بجلی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔ آپریشن ڈائریکٹر محمد زبیر کی جانب سے لائن سٹاف کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ صارفین شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن نمبر 118 پر کال کریں.