دعا زہرا کیس میں اہم پیشرفت، میڈیکل مکمل ہو گیا

07:15 AM, 2 Jul, 2022

احمد علی
پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرا کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پاکستانی تاریخ میں تشکیل دیئے گئے سب سے بڑے میڈیکل بورڈ نے اس کا میڈیکل معائنہ کر لیا ہے۔ 10 اراکین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے، خون کے ٹیسٹ اور جسمانی معائنہ سمیت دیگر ٹیسٹ مکمل کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین سے چار دن میں رپورٹ آئے گی۔ رپورٹس آنے کے بعد ہی دعا زہرا کی عمر کا تعین ہو سکے گا۔ خیال رہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے دعا زہرا کو لاہور سے کراچی منتقل کیا تھا۔ جہاں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا کو اپنی تحویل میں لیا اور آج میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد کو پولیس اپنے ساتھ نہیں لائی تھی، وہ خود کراچی پہنچا۔ اسے میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے گذشتہ ماہ 25 جون کو جاری کئے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لئے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پولیس کی ٹیم دعا زہرا کو لینے لاہور پہنچی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ میڈیکل بورڈ بنانے اور کیس کی مزید تحقیقات کا حکم دے دیتے ہیں۔ دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا، اس کیلئے سیکرٹری صحت کو لکھیں گے۔ سیکرٹری صحت میڈیکل بورڈ کے بارے میں عدالت کو بھی آگاہ کریں۔ بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں، یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔
مزیدخبریں