واٹس ایپ کا نیا فیچر،چیٹ ہسٹری کو ایک کیو آر کوڈ اسکین کر کے ٹرانسفر کرنا ممکن

09:51 PM, 2 Jul, 2023

احمد علی
واٹس ایپ نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس سے اب پرانے سے نئے فون میں چیٹ ہسٹری کو ایک کیو آر کوڈ اسکین کرکے ٹرانسفر کرنا ممکن ہو جائے گا۔ واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زیادہ افراد کرتے ہیں۔آجکل کے دور میں لوگ اکثر اپنے اسمارٹ فون بدلتے رہتے ہیں ، واٹس ایپ کے ڈیٹا کو ایک فون سے دوسرے فون میں گوگل ڈرائیو کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل نہایت پیچیدہ ہے جسے اب واٹس ایپ نے نہایت ہی آسان بنا دیا ہے۔ واٹس ایپ صارفین اب پرانےسے نئے فون میں چیٹ ہسٹری کو ایک کیو آر کوڈ اسکین کر کے باآسانی ٹرانسفر کرسکیں گے۔کیونکہ وائی فائی سے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کسی کلاؤڈ سروس سے ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوتا ہے۔ اس نئے فیچر کا اعلان میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنے انسٹاگرام چینل پر کیا ہے۔اس حوالے سے مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار کے ذریعے ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ اس فیچر پر جنوری 2023 سے کام کیا جا رہا تھا جسے اب عام صارفین کیلئے متعارف کرادیا گیا ہے۔

فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ: اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے پرانے اسمارٹ فون پر واٹس ایپ اوپن کر کے سیٹنگز میں چیٹ سیکشن میں جائیں ۔ادھر ٹرانسفر چیٹس کے آپشن پر کلک کرکے کیو آر کوڈ اوپن کریں اور پھر نئے فون پر اس کوڈ کو اسکین کریں۔صرف چند سیکنڈ میں آپ کا ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں میں منتقل ہوجائے گا۔

تاہم اس فیچر کے ذریعے اینڈرائیڈ سے اینڈرائیڈ یا آئی او ایس سے آئی او ایس میں ہی ڈیٹا منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اینڈرائیڈ فون سے آئی فون میں ڈیٹا منتقل کرنے کی کوشش کریں گے تو اس طریقہ کار سے ممکن نہیں ہوگا۔
مزیدخبریں