ویب ڈیسک: پاکستانی معروف اسکرین رائٹر و ڈائریکٹر خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ اُنہیں اداکار نعمان اعجاز سے نفرت ہے، وقت ثابت کر دے گا کہ اُنہیں اداکار سے کیوں نفرت ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام ’مکالمہ‘ میں شرکت کی۔
اس پروگرام سے مصنف کی متعدد مختصر ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں انہوں نے معمول کے مطابق منفرد اور تیکھے بیانات دیے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں شو کی میزبان نے خلیل الرحمٰن قمر سے دریافت کیا کہ کیا اُنہیں کبھی کسی سے نفرت ہوئی ہے؟
اس سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ مجھے نعمان اعجاز سے سخت نفرت ہے، میں نفرت کرنے والا بندہ نہیں ہوں مگر میں اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں کہ مجھے اس اداکار سے نفرت ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ وہ انسان ( نعمان اعجاز) محبت کے قابل ہے ہی نہیں۔
معروف مصنف کا اس دوران کہنا تھا کہ میں صرف اور صرف نعمان اعجاز سے نفرت کرتا ہوں، آج تک زیادہ سے زیادہ مجھے دوسرے لوگوں پر صرف غصہ ہی آیا ہوگا لیکن مجھے کسی دوسرے فرد سے کبھی نفرت نہیں ہوئی ہے۔
اس پر شو کی میزبان نے سوال کیا کہ اتنی نفرت کے باوجود آپ نے نعمان اعجاز کو اپنے ڈرامے میں اتنا اہم کردار کیسے دے دیا؟
اس سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جس کردار کے لیے میں نے اداکار نعمان اعجاز کو منتخب کیا تھا وہ کردار بھی ایک ’گھٹیا‘ شخص کا تھا اور نعمان اعجاز کو یہ کردار میں نے اس لیے دیا تھا تاکہ اُسے اس کردار کے لیے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی، اُس کردار کے لیے نعمان اعجاز نے قدرتی اداکاری کی بس کیوں کہ وہ حقیقت میں بھی ایسا ہی انسان ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر نعمان اعجاز کی اداکاری بہت پسند ہے مگر میں اس کی ذاتی شخصیت اور ’گھٹیا پن‘ کی وجہ سے اس سے نفرت کرتا ہوں۔
اس ویڈیو کلپ کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا ہی تھا کہ لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز کے مداح معروف مصنف پر سیخ پا نظر آ رہے ہیں۔
صارفین خلیل الرحمٰن قمر کے اس بیان پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔