جرائم پر قابو کیسے پایا جائے؟ وفاق اور صوبوں نے حل ڈھونڈ لیا
08:00 PM, 2 Jun, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) جرائم میں بڑھتے ہوئے اضافہ سے نمٹنے کے لیے وفاق اور چاروں صوبوں نے حل ڈھونڈ لیا ہے۔ جرائم پیشہ افراد کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاق اور صوبوں نے عوام کو جاری ڈرائیونگ لائسنسز کا ڈیٹا یکجا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب آئی ٹی بورڈ اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) موٹروے سلمان علی خان اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی نے دستخط کیے۔ اے آئی جی زبیر ہاشمی، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور ڈی آئی جی ایم 4سلطان چودھری بھی اس موقع پر شریک تھے۔ پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈرائیونگ لائسنسز ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے نیشنل لائسنسنگ پورٹل تشکیل دے گا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آن لائن ڈیش بورڈ اور موبائل ایپ بھی بنائی جائے گی۔ ایڈیشنل آئی جی زبیر ہاشمی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کلچر میں بہتری اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔