پشاور ہائیکورٹ سے عمران خان کو بڑا ریلیف

09:33 AM, 2 Jun, 2022

احمد علی
پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو منظور کر لیا ہے۔ یہ درخواست جمع کرانے کیلئے عمران خان اپنے وکیل اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کے ہمراہ پشاور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے عمران خان کی ضمانت پچاس ہزار روپے اور 2 شخصی ضمانتوں پر منظور کی۔ عمران خان کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے سماعت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کو ریلیف دیتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کو 3 ہفتوں کیلئے منظور کرلیا اور 25 جون سے قبل اسلام آباد کی سیشن عدالت سے رجوع کرنے کا حکم جاری کیا۔ خیال رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے درج کیسز میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ پی ٹی آئی چیئرمین 14 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
مزیدخبریں