کرپشن کیس ، پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

02:54 PM, 2 Jun, 2023

احمد علی
لاہور:عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) صدر پرویز الٰہی کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پولیس سخت سکیورٹی میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو لے کر ضلع کچہری پہنچی جہاں پر سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں بیٹے راسخ الٰہی سے ملاقات بھی کی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ رانا انتظار نے عدالت سے کہا کہ تمام منصوبوں سے متعلق دستاویزات موجود ہیں، جس پر عدالت نے یہ واضح کیا کہ دلائل سننے کے بعد قانون کے مُطابق فیصلہ کر نا ہے۔ دورانِ سماعت رانا انتظار نے یہ مؤقف اپنایا کہ ، 17 جنوری 2023ء کو 36 کروڑ کی ادائیگی ہوئی ہے اس وقت محسن نقوی وزیر اعلی تھے،اینٹی کرپشن کا افسر ٹیکنیکل انکوائری کر رہا ہے ، اینٹی کرپشن والے نیا قانون لا رہے ہیں ، جج بھی ان کا اپنا ہوا کرے گا، ٹیکنیکل رپورٹ ایس اینڈ ڈبلیو ہی تیار کر سکتا ہے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ اینٹی کرپشن کی اپنی مرضی ہے جو مرضی کریں۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے کرپشن کیس میں پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ خیال رہے کہ پرویز الٰہی کو کل اینٹی کرپشن نے لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ پرویزالٰہی کےخلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کیخلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔
مزیدخبریں