کھانسی کرنےسےران کی ہڈی ٹوٹنےکاعجیب و غریب واقعہ

10:16 AM, 2 Jun, 2024

ویب ڈیسک: ران کی ہڈی جسے femur کہا جاتا ہے، انسانی جسم کی سخت ترین ہڈیوں میں سے ایک ہے تاہم حال ہی میں ایک شخص کی یہ ہڈی اس وقت ٹوٹ گئی جب اس نے زور سے کھانسا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چین میں پیش آیا ہے جہاں ایک 35 سالہ شخص کی محض کھانسی کے دوران ران کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ فوجیان صوبے میں سیکنڈ پیپلز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اس چونکا دینے والے کیس کی اطلاع دی جہاں مسٹر یی نامی شہری کو کھانسی کے دوران فیمر میں فریکچر کا سامنا کرنا پڑا۔

ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈکس کے ڈائریکٹر ڈونگ ژونگ کے مطابق یہ واقعہ اس لحاظ سے کافی غیرمعمولی ہے کہ متاثرہ شخص کی اتنی عمر نہیں ہے جس میں ہڈی اس درجہ کمزور ہوجائے۔

مسٹر یی نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ انہیں تیز کھانسی کے فوراً بعد شدید درد محسوس ہوا لیکن انہوں نے اسے عارضی درد سمجھ کر نظرانداز کردیا۔ تاہم جب وہ چلنے لگے تو انہیں ران میں شدید درد محسوس ہوا جس پر انہوں ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔

مسٹر یی پر کیے گئے متعدد ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق کہ مسٹر یی ماضی میں ہڈیوں کی کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے تاہم ان کی کوک پینے کی عادت، ناقص خوراک اور ورزش کی کمی کے نتیجے میں ان کی ہڈیاں نازک ہوگئی تھیں۔

35 سالہ شہری نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ عام طور پر پانی کی جگہ سافٹ ڈرنکس استعمال کرتا تھا۔ سافٹ ڈرنکس جسم میں کیلشیم کو صحیح طریقے سے جذب ہونے سے روکتی ہیں اور اس طرح ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

مزیدخبریں