اسلام آباد(پبلک نیوز) سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوا۔ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گا۔ اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ اپنی رائے میں قرار دے چکا ہے کہ سینیٹ انتخابات آئین کے مطابق خفیہ بیلٹ سے ہوں گے اورآرٹیکل 218 (3) کے تحت انتخابات کو شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کی شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جبکہ الیکشن کمیشن انتخابات منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے میکنزم بھی بنائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات گزشتہ سالوں کی طرح خفیہ بیلٹ پیپرز کے ذریعے ہوں گے، الیکشن کمیشن پروفیشنلز اور تکنیکی اداروں کی مدد بھی لے سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے سپیشل سیکرٹری کی صدارت میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے چار ہفتوں میں اپنی رپورٹ دے گی۔ کمیٹی اپنے کام کے دوران نادرا، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی سے مدد لے سکتی ہے۔