عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی

08:24 AM, 2 Mar, 2021

شازیہ بشیر

لاہور (پبلک نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے لیگی رہنما کو 12 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سینئر لیگی راہنما خواجہ آصف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے خواجہ آصف کے مزید 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی اور عدالت نے خواجہ آصف کو دوبارہ 12 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

خواجہ آصف کو جیل حکام کی جانب سے عدالت میں حاضری کے لیے پیش کیا گیا۔ خواجہ آصف کی جانب سے ایڈووکیٹ نجم الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت کا نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق استفسار۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ ریفرنس جلد ہی دائر کر دیا جائے گا۔ خواجہ آصف 1991ء میں سینیٹر بنے اور اس وقت ان کے مجموعی اثاثے 51 لاکھ روپے تھے۔ 2018 ءتک خواجہ آصف کے اثاثے 221 ملین تک پہنچ گئے جو ملزم کی ظاہری آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

نیب پراسکیوٹر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے متحدہ عرب امارات کی ایمیکو کمپنی کی ملازمت سے 13 کروڑ روپے وصولی کا دعوی کیا۔

مزیدخبریں