ملتان (پبلک نیوز)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو پر انکشاف کیا ہے کہ وہ ویڈیو اصلی ہے اور وہ اپنے والد کیلئے ووٹ مانگنے گئے تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہم نے ووٹ مانگنا ہے ضمیر کا ٗ جو ہم نے ساری زندگی مانگا ہے۔ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہر الیکشن میں ہمیں ضمیر کا ووٹ ملتا ہے نہ ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ ڈالا ہے۔ ہماری تاریخ گواہ ہے۔ آپ ملتان کی عوام سے پوچھ لیں کہ کیا ہمارے خاندان نے کبھی ووٹ کو خریدنے کی کوشش کی ہے۔ہم نے ہمیشہ محبت کا اور ضمیر کا ووٹ مانگنا ہے اور وہی ووٹ میں ان ممبران سے مانگ رہا تھا۔ان سے میری جو گفتگو تھی وہ آپ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہ ہم آپ کو ووٹ دینا چاہتے ہیں اور ہم حفیظ شیخ جو ہمیں ڈھائی سال سے نہیں مل رہا اور ہمارا نام بھی نہیں جانتا۔وہ ہمیں اپنے دفتر میں نہیں گھسنے دیتا۔تو ہم حفیظ شیخ کوووٹ نہیں دینا چاہتے ہم گیلانی صاحب کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
میں نے ان سے کہا کہ آپ کی بہت مہربانی کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا ٗ گیلانی صاحب پر اعتماد کیا۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ اگر ہماری پارٹی ہم پر شک کرے اور ہمارا ووٹ ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے تو پھر ہم کیا کریں تو میں نے ان کو بتایا کہ ووٹ آپ کا آئینی حق ہے ٗ آپ آرٹیکل 226 کے ووٹ کو خفیہ رکھ سکتے ہیں۔ اگر وہ آپ کو نشان لگا بیلٹ دیں تو آپ اس طرح وہ ووٹ بیلٹ میں ڈال دیں نہ وہ ووٹ یوسف رضا گیلانی کو جائے گا اور نہ حفیظ شیخ کو ملے گا۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ عمران خان صاحب نے جس طرح ووٹ خریدا وہ آپ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے تمام ممبران کو 50کروڑ کا فنڈ دیا۔ ا لیکشن کمیشن کو اس بات پر ایکشن لینا چاہیے کہ انہوں نے 50کروڑ کا فنڈ الیکشن سے پہلے دیا کیا یہ رشوت نہیں ٗ ووٹ خریدنا نہیں ہے۔ حکومتی ترجمان مجھ پر الزام لگا رہے ہیں یہ بات تو ان سے پوچھنی چاہیے
انہوں نے کہا کہ یہ ایم این اے حضرات پی ٹی آئی سے ان کا تعلق ہے ٗ میرے وہ دوست ہیں۔ انہوں نے مجھے بلایا ٗ میں ان سے ا یک دفعہ نہیں کئی بار ملاقا ت کر چکا ہوں اور اگر وہ مجھے دوبارہ بلائیں گے تو میں دوبارہ بھی ان سے ملاقات کروں گا کیونکہ یہ میرا حق ہے۔ میں ایک امیدوار کا بیٹا ہوں ٗ میرا حق ہے ووٹ مانگنا۔ میں تو ان سے ووٹ مانگوں گا ٗ ایک بار نہیں سو بار مانگوں گا۔جہاں وہ مجھے بلائیں گے میں وہاں جاؤں گا۔اس پریس کانفرنس کے بعد بھی میں نے جانا ہے اور بھی اراکین کے پاس ووٹ مانگنے کیلئے۔