’عمران خان کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی‘
02:10 PM, 2 Mar, 2022
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی، اب جتنی بھی کوشش کریں، عوام رُکنے والے نہیں۔ گھوٹکی میں عوامی لانگ مارچ سے خطاب میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم پنجاب میں داخل ہورہے ہیں، اب تو دما دم مست قلندر ہوگا، وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لانے کا وقت آگیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو نظر آئے گا، کون عوام کے ساتھ اور کون سلیکٹڈ چور کے ساتھ کھڑا ہے، جمہوری اور انسانی حقوق پر ڈاکہ مارنے والے کو جانا ہوگا، جس نے جیب، پیٹ اور ووٹ پر ڈاکا مارا، اسے برداشت نہیں کرسکتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، یہ نیا پاکستان نہیں مہنگا پاکستان ہے، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ نے ہر آدمی کی زندگی مشکل بنادی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے بعد انہوں نے عزم کرلیا تھا، سلیکٹڈ کو اس صوبے سے ایک ووٹ نہیں ملنا چاہیے، عمران خان کو گھوٹکی میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم حملہ کرتے رہیں گے، کٹھ پتلی کی ناانصافی سناتا رہا تو رات تک یہاں ہی رہوں گا، ہم پرامن لوگ ہیں جمہوری ہتھیارعدم اعتماد ہمارے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی والے نے تبدیلی کے نام پر معاشی بحران پیدا کیا ہے، ہرطبقہ آج تکلیف میں ہے، مایوسی ہی مایوسی ہے، نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈگریاں ہیں لیکن روز گار نہیں، ہم آج بھی نوجوانوں کوروزگار دلواسکتے ہیں۔