آصف زرداری پر سنگین الزامات: ، شیخ رشید پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

06:52 AM, 2 Mar, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری پر پی ٹی آئی رہنما عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے کیس میں شیخ رشید کے خلاف فرد جرم آج بھی عائد نہیں ہو سکی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کےخلاف آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ہے ۔ سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر کی عدالت میں طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی ہے ۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے ، آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا ہوں ، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ، شیخ رشید کی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی ہے ۔ عدالت نے شیخ رشیدکی طبی بنیادوں پر آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے اور فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ 21 مارچ مقرر کردی ہے ۔ خیال رہےکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر آج فرد جرم عائد ہونا تھی ، عدالت کی جانب سے حاضری یقینی بنانےکا حکم دیا گیا تھا ، گذشتہ سماعت پر پولیس نے مقدمےکا چالان عدالت میں جمع کرایا تھا ۔

کیس کا پس منظر:

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی ۔شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا ، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں ۔ گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا کہ جہاں عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا ۔ دوسری جانب 3 فروری کو وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو، حب کے لسبیلہ اور مری کے تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے بعد ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ایک اور مقدمہ بھی 4 فروری کو تھانہ صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پر امن و امان کو خراب کرنے اور جان بوجھ کر اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم 16 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
مزیدخبریں