صدارتی انتخاب:آصف زرداری ،محمود خان اچکزئی کےکاغذات نامزدگی جمع

12:53 PM, 2 Mar, 2024

ویب ڈیسک: صدر مملکت کی نشست کیلئے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری کے صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے لطیف کھوسہ، عمر ایوب خان اور دیگر رہنماؤں نے صدر کے لئے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیئے۔

بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کی اجازت دی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے آصف علی زرداری کے کاغذات سندھ ہائیکورٹ میں بھی جمع کرائے۔

آصف زرداری کے تجویز کنندہ مراد علی شاہ جبکہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ ہیں۔

شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہوگا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے، کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لئے جا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی۔

صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 4 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

مزیدخبریں