نوالنی ماسکو میں سپرد خاک، ہجوم نے الوداع کرتے ہوئے نعرے بازی کی

05:53 PM, 2 Mar, 2024

ویب ڈیسک: روسی حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کو ماسکو میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ ان کی تدفین کے دوران حامی سوگواروں نے شدید نعرے بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق روسی حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی کو ماسکو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر موجود ان کے حامی سوگواروں نے نعرے لگائے اور جیل میں ان کی موت کا ذمہ دار حکام کو قرار دیا۔ کئی لوگوں نے اس موقع پر یوکرین پر روسی حملے کے خلاف بھی نعرے لگائے۔

نوالنی کی نعش کو تدفین سے پہلے جنوبی ماسکو کے ایک گرجاگھر میں رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر ہونے والی دعائیہ تقریب میں نوالنی کے والدین نے شرکت کی۔اس کے بعد تابوت کو تدفین کے لیے موسکوا دریا کے کنارے واقع بوریسوو قبرستان پہنچا دیا گیا۔تابوت کے آتے ہی کئی سوگواروں نے چلا کر کہا کہ ہم تمہیں نہیں بھولیں گے۔ ہمیں معاف کر دو۔

پولیس کی بھاری موجودگی اور سرکاری انتباہات کے باوجود، ہزاروں سوگواروں نے 47 سالہ لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی موت کا اعلان آرکٹک کی جیل نے 16 فروری کو کیا تھا۔

مزیدخبریں