ویب ڈیسک: وائٹ ہاؤس میں ناخوشگوار ملاقات کے بعد یوکرینی صدر لندن پہنچ گئے، برطانیہ اور یوکرین کے درمیان دو ارب 84 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر سے ملاقات کی۔ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے صدر زیلنسکی کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے یوکرین جنگ اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانیہ اور یوکرین کے درمیان دو ارب 84 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا، قرض کی ادائیگی روسی منجمد اثاثوں سے آنے والے منافع سے کی جائے گی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے یوکرینی صدر سے رابطہ کیا اور انہیں ٹرمپ سے تعلقات بہتر کرنے کا مشورہ دیا۔ لندن میں آج یورپی سمٹ شیڈول ہے جس میں یوکرینی صدر بھی شرکت کریں گے۔