11 رنز پر آؤٹ ہونیوالے ویرات کوہلی نے ون ڈے میں تاریخ رقم کردی

07:41 PM, 2 Mar, 2025

ویب ڈیسک: مایہ ناز بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اتوار کو چیمپیئنز ٹرافی میں نیوزی لیںڈ کیخلاف یوں تو 11 رنز بناسکے لیکن انہوں نے 300ویں ون ڈے میچ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک بار پھر کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام رقم کردیا ہے۔

بھارتی ٹیم نے دبئی کے کرکٹ اسٹیدیم میں کھیلے جانیوالے اپنے آخری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی گروپ اے میچ میں نیوزی لینڈ سے مقابلے کے لیے ٹاس کیا تو ایک تاریخی لمحہ ویرات کوہلی کا منتظر تھا۔

مایہ ناز بلے باز کوہلی جنہوں نے اپنے 200واں ون ڈے بھی کیویز کے خلاف کھیلا تھا، 300 ون ڈے میچز کا ہندسہ عبور کرنے والے 7ویں ہندوستانی اور مجموعی طور پر 18ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اپنے 300 ویں ون ڈے کے ساتھ، ویرات کوہلی پہلے کرکٹر بھی بن گئے جو پہلے ہی کم از کم 100 ٹیسٹ اور 100 ٹی20 میچزکھیل چکے ہیں اور وہ اتنے ہی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی میں اتوار کو دبئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ سے قبل 299 ون ڈے میچوں میں ویرات کوہلی نے 58.20 کی اوسط اور 93.41 کے اسٹرائیک ریٹ سے 14,085 رنز بنائے تھے۔

مجموعی طور پر، 18 کرکٹرز اپنے اپنے ممالک کے لیے 300 ون ڈے کھیلنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی بین الاقوامی کرکٹ کے دیگر 2 فارمیٹس میں ہر ایک میں 100 میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل نہیں کرسکے۔

300ون ڈے کھیلنے والے دیگر کرکٹرز کی فہرست میں شاہد آفریدی 398 میچز، انضمام الحق 378، رکی پونٹنگ 375، وسیم اکرم 356، ایم ایس دھونی 350، ایم مرلی دھرن 350، راہول ڈریوڈ 344، محمد اظہر الدین 334، ٹی دلشان 330، جیک کیلس 328، اسٹیو وا 325، چمندا واس 322، سورو گنگولی 311، اراوندا ڈی سلوا 308، یوراج سنگھ 304، شان پولاک 303 اور کرس گیل 301 میچز کھیل چکے ہیں۔

مزیدخبریں