وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں پانی کی قلت کا نوٹس
07:24 AM, 2 May, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور کے بعض علاقوں خصوصاً اندرون شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے واسا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس مسئلے کے فوری حل کیلئے اقدامات کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ ہدایات اپنے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں لاہور میں پانی کی قلت دور کرنے اور نالوں کی صفائی کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اراکین پنجاب اسمبلی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ملک اسد علی کھوکھر، سمیع اللہ خان، چودھری شہباز احمد، میاں مرغوب احمد، رمضان صدیق بھٹی، غزالی سلیم بٹ، سابق ایم پی اے شعیب صدیقی، سابق میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت والے علاقوں کے لئے مربوط نظام بنایا جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں ٹیوب ویل چلانے کے لئے جنریٹر کا انتظام کیا جائے۔ حمزہ شہباز شریف نے مون سون سیزن سے قبل نالوں کی صفائی کا حکم بھی دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام نالوں کی صفائی کیلئے ایکشن پلان ٹائم لائن کے ساتھ مرتب کیا جائے۔ بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کام ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے بعد ایم ڈی واسا نالوں کی صفائی کے حوالے سے ویڈیوز کے ساتھ تفصیلی بریفنگ دیں۔ یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ٹیمیں بنائی جائیں اور نالوں کی صفائی کا کام نظر آنا چاہیے۔ یونین کونسل کی سطح پر نکاسی آب کا میکنزم بھی تیار کیا جائے۔ موسم برسات میں کسی کے حیلے بہانے نہیں سنوں گا۔