عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کوشہباز گل کی گرفتاری سے روک دیا
10:46 AM, 2 May, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے امریکا سے واپسی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گرفتاری سے روک دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل نے وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی۔جس میں کہا گیا کہ میرے خلاف من گھڑت اور جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے،میں مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں لہٰذا حفاظتی ضمانت منظور کرکے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کے وکیل سے استفسار کیا کہ شہبازگل کہاں پرہیں؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ وہ 28 اپریل کو امریکا گئے اور 4 مئی کو ان کی واپسی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کے خلاف فیصل آباد، اٹک اور جہلم سمیت دیگرشہروں میں مقدمات درج کیےگئے، درخواست گزار عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتےہیں، ان کی واپسی کا ٹکٹ درخواست کے ساتھ لگایا ہے وہ 4 مئی واپس آئیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل چودری ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہباز گل کی گرفتاری سے روک دیا۔