آزادی رائے کی پامالی کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے، آرمی چیف

12:23 PM, 2 May, 2024

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔ 

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں ، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، اسلحے کی دوڑ سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے۔

قبل ازیں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپورمیں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سندھو نے معائنہ کیا ۔

آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سےنوازا اور پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا ،تقریب میں  کیڈٹس نے شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔ 

مزیدخبریں