مداحوں کا انتظار ختم، بالی ووڈ پرکے تینوں خانز ایک ساتھ فلمی پردہ پر جلوہ گر ہونگے

03:20 PM, 2 May, 2024

ویب ڈیسک: بالی ووڈ پر راج کرنے والے تینوں خانز سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے مداحوں کا تینوں کو ایک ساتھ ایک فلم میں دیکھنے کا دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے والا ہے۔ مداحوں کی کئی برسوں سے یہی خواہش ہے کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان ایک فلم میں اکھٹے کام کریں۔

گزشتہ کئی سال سے یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ بالی ووڈ میں اپنی منفرد اداکاری کے باعث بڑا مقام رکھنے اور فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے تینوں خانز جلد ہی کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، اب عامر خان نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے۔ بالی ووڈ کے مسٹر پرفکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ وہ شاہ رخ خان سلمان خان کے ساتھ فلم بنانے پر کام کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے کامیڈین کپل شرما کے شو میں شرکت کی جہاں اداکار سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ فلم بنانے جا رہے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں شاہ رخ خان اور سلمان خان سے ملاقات کی تھی اور اُن سے کہا کہ وہ تینوں کئی سالوں سے ایک ہی انڈسٹری میں کام کررہے ہیں، اگر انہوں نے ایک ساتھ فلم نہیں بنائی تو یہ ان کے کروڑوں مداحوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ ان کی ایک ساتھ ایک فلم تو بنتی ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ تینوں خانز فلم کے لیے زبردست کہانی اور اسکرپٹ کی تلاش میں ہیں اور بہت جلد اپنے مداحوں کی یہ خواہش پوری کریں گے۔

مزیدخبریں