توشہ خانہ کیس، نیب کی نئی انکوائری پر بانی پی ٹی آئی ’ اِن ایکشن‘

07:05 PM, 2 May, 2024

 توشہ خانہ کیس، نیب کی نئی انکوائری پر بانی پی ٹی آئی ’ اِن ایکشن‘

ویب ڈیسک: بشریٰ بی بی کے بعد بانی پی ٹی آئی نے بھی توشہ خانہ سے متعلق نیب کی نئی انکوائری میں طلبی کا نوٹس چیلنج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ سےمتعلق نیب کی نئی انکوائری میں طلبی کے نوٹس کےخلاف درخواست دائر کردی، بانی پی ٹی آئی نے نیب طلبی کا نوٹس سلمان صفدر، عثمان ریاض،خالدیوسف کےذریعے چیلنج کیا، جس میں پٹیشن کےفیصلے تک نیب کال اپ نوٹس معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

 انکوائری میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی پر قیمتی تحائف غیر قانونی فروخت کرنےکاالزام ہے ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 16اپریل کو نیب راولپنڈی میں بلایا بھی گیا تھا۔ بشریٰ بی بی کی درخواست آج ڈویژن بینچ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔

یاد رہے توشہ خانہ کیس میں قومی احتساب بیورو ( نیب) نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف نئی تحقیقات شروع کی تھی، ان پر قیمتی تحائف غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

نیب نے بانی پی ٹی آئی کو نئی انکوائری میں طلب بھی کیا تھا اور 16 اپریل کو نیب راولپنڈی آفس بلایا گیا تھا۔ توشہ خانہ کیس دو حصوں میں بنایا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کےخلاف تحائف غیر قانونی فروخت کرنے کا الگ سے کیس بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 31 جنوری کو راولپنڈی کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ دونوں کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال تک نا اہل قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں