دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، وزیراعظم

08:54 PM, 2 May, 2024

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دے دیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  16 ماہ میں جو محنت کی، نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں، مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ  اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

مزیدخبریں