دنیا کا سب سے سستا سمارٹ فون لانچ

05:48 AM, 2 Nov, 2021

احمد علی
نئی دہلی: انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایشیا کے سب سے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی نے امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کیساتھ شراکت داری کرتے ہوئے دنیا کا سب سے سستا سمارٹ فون لانچ کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ مکیش امبانی نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ ان کی کمپنی ریلائنس انڈسڑیز جلد ہی گوگل کیساتھ مل کر ایسے سمارٹ فون لانچ کرے گی جو دنیا میں سستے ترین ہونگے۔ ٹیکنالوجی اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر کی طرح انڈیا میں بھی جنوبی کوریا اور چین کی موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیوں کی اجارہ داری قائم ہے۔ گوگل اور ریلائنس کی یہ شراکت داری ان کی پراڈکٹس کی مارکیٹ ویلیو کم کرنے کی ابتدا ہے۔ گوگل اور ریلائنس کمپنی کی جانب سے جو جدید ترین سہولیات کا حامل سمارٹ فون تیار کیا گیا ہے اسےJioPhone Next 10 کا نام دیا گیا ہے۔ یہ سمارٹ فون ناصرف انگریزی بلکہ انڈیا کی تمام چیدہ مقامی زبانوں میں بھی اپنا مواد پیش کرے گا۔ اس سمارٹ فون کی قیمت انڈین کرنسی میں 6400 روپے رکھی گئی ہے۔ اس سمارٹ فون کی خریداری میں دلچسپی لینے والے صارفین کی سہولت کیلئے زبردست آفر دی گئی ہے۔ اس کے تحت وہ محض 2 ہزار روپے ادا کرکے یہ موبائل حاصل کر سکیں گے جبکہ باقی ماندہ رقم انھیں قسطوں میں ادا کرنا ہوگی۔ مکیش امبانی نے سمارٹ فون کے لانچ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ JioPhone Next 10 انڈین صارفین کیلئے ایک بریک تھرو ہے۔ یہ ان کے ڈیجیٹل سفر کو اگلے درجے تک لے جائے گا۔ تاہم معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عام انڈین شہری کی قوت خرید اتنی نہیں کہ وہ 6400 روپے کا موبائل فون خرید سکے۔ گوگل اور ریلائنس انڈسٹریز کو چاہیے کہ وہ قیمتوں پر نظر ثانی کرے۔
مزیدخبریں