باربار تاریخ دیں گے اور بدلیں گے، تھکا تھکا کر ماریں گے
10:23 AM, 2 Nov, 2022
گوجرانوالہ : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بار بار تاریخ دیں گے اور بدلیں گے، تھکا تھکا کر ماریں گے، لانگ مارچ اپنی مرضی سے چلائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گھٹیا بینر لگوا رہے ہیں وہ خرم دستگیر لگوا رہے تھے۔ ابھی تک خرم دستگیر کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ یہ پہلا موقع نہیں ہے خرم دستگیر کے خاندان کا ان کے والد صدر ایوب کے ٹاوٹ تھے انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کے خلاف بھی ایسے ہی کیمپین چلائی تھی۔ یہ ان کے خاندان کا وطیرہ ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز وہاں اس لیے مقیم ہیں کیونکہ وہ ایون فیلڈ بیچ کر پیچھے گاؤں میں کوئی محل خریدنا چاہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مرضی سے چلیں گے آپ کی مرضی سے تو نہیں چلیں گے، ہم نے کس دن اسلام آباد پہنچنا ہے کس دن پنڈی پہنچنا ہے، ہم آپ کو تاریخ دیں گے ہم وہ تاریخ بدلیں گے، یہ گیس ورک آپ روز کریں ہم نے کس دن پہنچنا ہے، ہم آپ کو تھکا تھکا کر ماریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری جی ٹی روڈ پر الیکشن کمپین کرتے ہوئے جا رہے ہیں، ہمیں پتہ ہے اس کے بعد الیکشنز ہیں، مریم، شہباز اور فضل الرحمان میں کسی کو شوق ہے تو آ جائیں الیکشن لڑ لیں، الیکشن بھی ہوں گے، پنجاب اور کےپی اسمبلیاں بھی تحلیل ہوں گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کس آئین کے تحت ایم کیو ایم اور بی اے پی کو کہا ادھر سے ادھر ہو جائیں، آج شہبازشریف کی حکومت کیا سیاسی طور پر ووٹ لے کر کھڑی ہے، جنہوں نے کیا انہیں ہی کہنا ہے نا کہ آپ نے فیصلہ غلط کیا۔