الیکشن کمیشن آج ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، سپریم کورٹ کا حکم

03:53 PM, 2 Nov, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیدیا، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ سے ہی ہوگا، الیکشن کمیشن ملاقات کرکے کل سپریم کورٹ کو آگاہ کرے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ فون اٹھائیں اور صدر کے ملٹری سیکرٹری کو ملیں،سپریم کورٹ بغیر کسی بحث کے انتخابات چاہتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 90روز میں کرانے کیلئے دائر درخواستوں پر وقفے کے بعد سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت سے مشاورت کرنے کا اعلان کردیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ صدر مملکت سے انتخابات پر مشاورت ہو گی،وکیل نے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے عدالت کو آگاہ کردیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ اگر وہ آپ کو نہ بھی بلائیں پھر بھی آپ ان کا دروازہ کھٹکھٹا دیں،وکیل الیکشن کمیشن نے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت سے مشاورت کرے گا، چیف جسٹس پاکستان نے آج ہی صدر مملکت سے مشاورت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اٹارنی جنرل مشاورت میں آن بورڈ ہیں،اٹارنی جنرل صاحب ! آپ صدر سے الیکشن کمیشن کی ملاقات طے کروائیں،صدر مملکت کو گزشتہ سماعت کا کورٹ آرڈر دکھائیں،عدالت صرف اس مسئلے کا حل چاہتی ہے، چیف جسٹس پاکستان نے آج کی سماعت کا حکمنامہ لکھوا دیا۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کہا حلقہ بندیوں کا عمل 30نومبر کو مکمل ہوگا۔
مزیدخبریں