عام انتخابات 11 فروری کو کروائے جائیں ،چیف الیکشن کمشنر کی صدر مملکت کو تجویز

07:40 PM, 2 Nov, 2023

احمد علی
اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو 11 فروری کو عام انتخابات کروانے کی تجویز دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط دیا ہے۔ جس میں چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو تجویز دی ہے کہ ملک میں عام انتخابات 11 فروری کو کروائے جائیں ۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کا وفد ایوان صدر پہنچا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ممبر پنجاب،کے پی اور بلوچستان بھی موجود تھے۔ وفد میں سیکریٹری الیکشن کمیشن، الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء اور اسپیشل سیکریٹری بھی شامل تھے۔ صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات تقریبا 1 گھنٹہ جاری ہے، جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر وفد سمیت اپنے دفتر کیلئے روانہ ہوا۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اہم مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔ اٹارنی جنرل صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن حکام کی ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا، اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس پہنچ گئے. واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو انتخابات کے مشاورتی عمل میں شامل رہنے کی ہدایت کی تھی۔
مزیدخبریں